روم،لندن،واشنگٹن(جی سی این رپورٹ)کورونا وائرس دنیا کے 151ممالک تک پھیل گیا،دنیا میں متاثرہ مریضوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کرگئی۔ مریضوں کی مجموعی تعداد1لاکھ75ہزار 536تک پہنچ گئی جبکہ ہلاکتوں کی تعداد7ہزار سے تجاوز کرگئی ،77ہزار سے زائد افراد کورونا کو ہراکر صحت یاب ہوچکے ہیں۔مشرق وسطیٰ میں وائر س سے پہلی ہلاکت ہوگئی۔اٹلی اور سپین دنیا میں دو ایسے ممالک ہیں جنہوں نےوائر س سے بچائو کیلئے اپنے ملک مکمل طور پر بند کردیئے ہیں۔اٹلی یورپ کا سب سے زیادہ اور دنیا کا چین کے بعد دوسرا متاثرہ ملک ہے۔روم،میلان میں ہو کا عالم ہے،سڑکیں ویران ہیں ،اٹلی میں مزید349افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد2158تک پہنچ گئی۔ مزید3233 نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے کل مریضوں کی تعداد27ہزار 980تک پہنچ گئی ہے۔جنوبی اٹلی میں موجود امریکی بحری جہاز باکسر کے سیلر میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔سپین اٹلی،ایران ،چین کے بعد وائر س سے سب سے زیادہ متاثرہونیوالا دنیا کا چوتھا جبکہ یورپ کا دوسرا ملک ہے۔سپین میں 1100سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں جس سے کل مریضوں کی تعداد9191تک پہنچ گئی جبکہ مزید21 افراد ہلاک ہوگئے اس طرح کل ہلاکتوں کی تعداد بھی 309تک پہنچ گئی۔سپین کے کاتالونیا علاقے کے رہنما قوئم تورا بھی وائرس سے متاثر ہوگئے۔حکومت نے بہتر طبی سہولتوں کیلئے پرائیویٹ ہسپتال قومیا لئے،سپین نے پرتگال کے ساتھ سرحد بند کردی ۔فرانس میں کیسز کی تعداد بڑھنے کا سلسلہ جاری ہے،فرانس میں مزید21 افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد148تک پہنچ گئی،1210نئے مریض سامنے آئے جس سے کل مریض6633ہوگئے۔2ارکان پارلیمنٹ بھی وائرس سے متاثر ہوگئے،رات گئے صدر نے قوم سے خطاب میں سرحدیں بند کرنے اورجزوی لاک ڈائون کا اعلان کردیا،فرانسیسی صدر نے وائرس کیخلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے فوج طلب کرلی اورعوام کو گھروں میں ہی رہنے کی ہدایت کی ہے،انہوں نے کہا یہ جنگ ہم جیتیں گے۔فرانسیسی اداکارہ اور ماڈل اولگا کیورلینکو بھی وائرس سے متاثر ہوگئیں۔فرانسیسی وزارت صحت کے عہدیدار نے کہا ملک میں وائرس سے صورتحال بہت بگڑ رہی ہے،ہر تیسرے دن مریض دوگنا ہو رہے ہیں ،برطانیہ میں مزید18افراد ہلاک ہوئے گئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد53ہوگئی۔رات گئے 10 ڈائوننگ سٹریٹ میں پریس کانفرنس کے دوران برطانوی وزیر اعظم نے ملک میں شٹ ڈائون کا اعلان کردیا،انہوں نے کہاکہ لوگ گھر بیٹھ کر کام کریں، متاثرہ افراد کو 12 ہفتے کیلئے قرنطینہ میں منتقل کیا جائے گا۔ہوٹلوں کو ہسپتال میں تبدیل کر نے پر غور کیاجارہاہے۔سوئٹزرلینڈ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔جنیوا میں پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پرپابندی لگادی گئی ہے،جرمنی میں بھی مزید1ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں،برلن نے فرانس،آسٹریا،سوئٹزرلینڈ،ڈنمارک اور لکسمبرگ کیساتھ سرحدیں بند کردیں، ملک میں تمام عبادتگاہوں کو بند کردیاگیا۔جرمن ریاست باواریا میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔گوئٹے مالا اور پرتگال میں وائر س سے پہلی ہلاکت ہوئی۔پولینڈ کے وزیر ماحولیات مائیکل وس بھی متاثر ہوگئے۔گرین لینڈ میں بھی پہلا کیس سامنے آگیا۔وائر س سے نمٹنے کیلئے روس نے بیلاروس کیساتھ بھی سرحد بند کرنے کا اعلان کردیا۔آسٹریا اور چیک ریپبلک میں لوگوں کو باہر نکلنے سے روک دیاگیا،کورونا سے نمٹنے کیلئے جی سیون ممالک کے رہنمائوں میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے رابطہ ہوا ہے۔بیلجیئم میں 172نئے کیس سامنے آئے ہیں جس سے کل مریضوں کی تعداد1058تک پہنچ گئی۔آسٹریا میں بھی مزید156مریض سامنے آگئے،ہالینڈ میں مزید 4افراد ہلاک ہوئے جس سے ہلاکتوں کی تعداد24 ہوگئی،ملک میں 278نئے مریض بھی سامنے آگئے اس طرح کل مریضوں کی تعداد1413تک پہنچ گئی۔امریکا میں کل مریضوں کی تعداد4ہزارسے تجاوز کرگئی جبکہ مزید9افراد ہلاک ہوگئے جس سے مرنیوالوں کی کل تعداد71تک پہنچ گئی۔امریکا میں 10افراد کے اجتماع پربھی پابندی عائد کردی گئی، صدر ٹرمپ نے کہا ملک گیر کرفیویا قرنطینہ کی کوئی تجویز زیر غور نہیں، امریکی صدر نے کہا یہ وبا جولائی تک امریکا میں ختم ہوجائے گی۔32ریاستوں میں سکول بند ہوچکے ہیں۔نیویارک میں ہوٹلز،تھیٹرز اور سینماہالز بند کردیئے گئے۔نیویارک میں آج سے امریکا کا سب سے بڑا سکول سسٹم بند کردیا جائے گا جس سے 11لاکھ سے زائد بچے گھر بیٹھ جائیں گے،کیلیفورنیا،اوہائیو،الینائس میں بارز،ریسٹورنٹس کو بند کردیاگیا،امریکی ماہرین کا کہناہے کہ وائر س سے بچائو کیلئے 14روزہ لاک ڈائون ضروری ہے۔ نیوجرسی میں رات کا کرفیو لگا دیاگیا۔وائرس سے دو امریکی ڈاکٹر بھی متاثر ہوگئے،نیوجرسی اور واشنگٹن میں زیر علاج ان ڈاکٹروں کی حالت نازک ہے۔وائرس کے باعث امریکی سپریم کورٹ سو سال میں پہلی بار جبکہ نیویارک میں مجسمہ آزادی کوبھی بند کردیاگیا۔کینیڈا نے بھی اپنی سرحدیں بند کرنے کا اعلان کردیا۔وائرس سے متاثر وزیر اعظم ٹروڈو نے کہا عوام گھر میں ہی رہیں۔پورٹو ریکو میں رات کا کرفیو لگا دیا گیا،جنوبی افریقہ نے ایران اور چین کے لوگوں کو جاری کیے گئے10ہزار ویزے منسوخ کردیئے۔ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے دارالحکومت کراکس سمیت سات ریاستوں میں اجتماعی قرنطینہ کے قیام کا اعلان کردیا۔یورپ کے بعد ایشیا کے کچھ ممالک میں وائرس تیزی کے ساتھ پھیل رہاہے،چین میں وائرس کا آغاز ہواتھا مگر وہاں اب کمی آرہی ہے،ایشیا کا چین کے بعد سب سے متاثرہ ملک ایران ہے،ایران میں مزید129 افراد ہلاک ہوگئے،جس سے ہلاکتوں کی کل تعداد853تک پہنچ گئی جبکہ کل مریضوں کی تعداد 14ہزار991تک پہنچ گئی۔ ماہرین پر مشتمل علما کونسل کے رکن ایرانی عالم آیت اللہ ہاشم وائرس سے ہلاک ہوگئے۔قم میں جمکران کی تاریخی مسجد بھی بند کردی گئی،اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یو این ایچ سی آر نے ایران میں پناہ گزینوں کیلئےایمرجنسی امداد میں اضافہ کردیا،عالمی ادارے نے پناہ گزینوں میں صابن، ٹوائلٹ پیپر اور دیگر اشیا تقسیم کرنی شروع کردیں۔ایران نے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کو ملتوی کر دیا ۔چین میں مزید16کیس سامنے آئے جن میں سے چار کا تعلق ووہان جبکہ 12دیگر ممالک سے آئے تھے، مزید14ہلاک ہوئے جس سے کل مریضوں کی تعداد80ہزار860سے بڑھ گئی۔چین کے 13صوبوں میں کورونا سے متاثرہ کوئی بھی مریض زیر علاج نہیں ، وائر س سے سب سے زیادہ متاثرہونیوالے صوبے ہوبئی میں سفرپر پابندیوں میں نرمی کا اعلان کردیاگیا،ہزاروں ملازمین کام پر واپس آگئے۔جنوبی کوریا میں وائرس کا زور ٹوٹ رہاہے،گزشتہ روز صرف74نئے مریض سامنے آئے۔وزیر اعظم چنگ سے کیون نے کہا کیسز میں کمی امید کی نشانی ہے لیکن ہمیں اپنی گرفت کو ڈھیلا نہیں کرنا،جاپان میں مزید2افراد ہلاک جبکہ 37نئے کیس سامنے آئے ہیں،جس سے ملک میں ہلاکتوں کی تعداد31جبکہ کل مریض1526تک پہنچ گئے۔تائیوان میں مزید8کیس سامنے آگئے،تھائی لینڈ میں سکول آج سے بند کرنے کا حکم جاری کردیاگیا۔ملائشیا میں مزید125کیس سامنے آگئے ،سرحدیں بند اور لوگوں کی آمد ورفت کو محدود کرنے کا اعلان کردیاگیا۔ملائشیا میں زیادہ تر کیس اس مذہبی اجتماع سے سامنے آرہے ہیں جس میں 16ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی تھی۔ترکی میں مزید12کیس سامنے آگئے،جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد18ہوگئی، ملک میں جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگادی گئی، تمام 81صوبوں میں کلب اور تفریحی مقامات بند کردیئے گئے۔مشرق وسطیٰ میں بھی وائرس تیزی سے لوگوں پر وار کررہاہے۔خطے میں وائرس سے پہلی ہلاکت ہوگئی۔بحرین میں 65سالہ شخص ہلا ک ہوگیا۔عرب امارات میں چار ہفتے کیلئے مساجد بند کردی گئیں،مراکش میں بھی مساجد،ہوٹلوں او ر تفریحی مقامات کو بند کیا جارہاہے،سعودی عرب میں مزید 17 ،کویت میں مزید11کیس سامنے آگئے۔ بغداد میں وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے رات کا کرفیو لگادیاگیا۔جنوبی ایشیا میں کورونا کے وار جاری ہیں،بھارت میں مزید7کیس سامنے آئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد114تک پہنچ گئی،آگرہ میں آج سے تاج محل بند کردیا جائے گا،بالی ووڈ میں متعدد فلموں کی نمائش اور شوٹنگ بھی رک گئی۔افغانستان میں مریضوں کی تعداد22 ہوگئی،اے ایف پی کے مطابق افغان عہدیدار نے بتایا کہ ملک میں وائرس کے پھیلنے کا امکان زیادہ ہے کیونکہ گزشتہ 20روز کے دوران ایران سے 70ہزار افراد افغانستان آچکے ہیں ،ان افراد کا صرف درجہ حرارت چیک کرکے انہیں جانے دیاگیا۔بنگلہ دیش میں سکول بند کرنے کا اعلان کردیاگیا۔افریقہ بھی وائرس سے بچ نہ سکا،براعظم کے کل 54ملکوں میں سے 30وائر س سے متاثر ہیں،صومالیہ ،تنزانیہ ، بینن،ٹرینیداد،ٹوباگو،لائبیریامیں بھی پہلے کیس سامنے آگئے،مصر نے جمعرات سے تمام پروازیں معطل کرنے کا اعلان کردیا۔گھانا میں سکول اور پارکس بند کر دیئے گئے۔
from Global Current News https://ift.tt/2Ubh1JH
via IFTTT
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔