ہفتہ، 3 اگست، 2019

عامر کے بعد کون کون ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ رہا ہے؟ (بی بی سی رپورٹ )

0 comments

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)محمد عامر کو دیکھ کر وہاب ریاض کا دل بھی ٹیسٹ کرکٹ سے اچاٹ ہو گیا،34سالہ پیسر نے چیئرمین پی سی بی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا،ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے اختتام کے بعد وطن واپسی پر کریں گے ،شعیب اختر نے پہلے ہی خدشہ ظاہر کیا تھا کہ محمد عامر کے بعددیگر فاسٹ بالرز بھی طویل فارمیٹ کو خیرباد کہہ دیں گے،جنید خان اور حسن علی بھی اسی راہ پر چل سکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ دنوں فاسٹ بالر محمد عامر کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ چھوڑنے کے اعلان نے سینئر فاسٹ بالر وہاب ریاض کا دل بھی طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے اچاٹ کردیا ہے جو خود کو صرف سفید بال کی کرکٹ سے منسلک رکھنا چاہتے ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ بائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر نے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کو اپنے فیصلے سے آگاہ کردیا ہے جو کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کے خاتمے کے بعد وطن واپسی پر ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیں گے۔واضح رہے کہ وہاب ریاض نے پاکستان کی جانب سے اپنا آخری ٹیسٹ اکتوبر دو ہزار اٹھارہ میں آسٹریلیا کیخلاف دبئی میں کھیلا تھا جہاں انہیں کوئی وکٹ نہیں مل سکی اور اسی وجہ سے انہیں قومی ٹیم سے ڈراپ کردیا گیا تھا۔انہوں نے آٹھ سالہ ٹیسٹ کیریئر کے دوران 27 میچوں میں 83وکٹیں حاصل کیں جس میں اننگز کے دوران پانچ وکٹوں کا کارنامہ دو مرتبہ شامل تھا جبکہ 63رنز کے عوض پانچ وکٹیں ان کی بہترین کارکردگی رہی ۔محمد عامر کی طویل فارمیٹ سے علیحدگی پر سابق کھلاڑیوں کی اکثریت نے انہیں کڑی تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور وسیم اکرم کے علاوہ رمیزراجہ کا یہی کہنا تھا کہ جب محمد عامر اس قابل ہوئے کہ اپنی ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کر سکتے تو انہوں نے محض 27سال کی کم عمری میں ٹیسٹ چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا۔شعیب اختر نے اسی وقت یہ خدشہ بھی ظاہر کیاتھا کہ محمد عامر کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ملک کے دیگر فاسٹ بالرز بھی طویل فارمیٹ کو چھوڑ سکتے ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے وہاب ریاض،جنید خان اور حسن علی کی جانب سے بھی جلد ہی اس طرح کا فیصلہ سامنے آ سکتا ہے کیونکہ دور حاضر میں تمام فاسٹ بالرز خود کو صرف مختصر فارمیٹ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں جن کیلئے ون ڈے کرکٹ کھیلنا بھی محال ہوتا جا رہا ہے اور وہاب ریاض کے حالیہ اعلان نے ان کے خدشات کو درست ثابت کردیا ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے اعلان کے بعد دو اہم ترین بالرز کا یوں طویل فارمیٹ کو چھوڑ جانا قومی ٹیم کیلئے مشکلات اور مسائل کا باعث بن سکتا ہے کیونکہ آنے والے عرصے میں اسی قسم کا فیصلہ جنید خان اور حسن علی کی جانب سے بھی سامنے آسکتا ہے جو طویل فارمیٹ پر بہت زیادہ موثر ثابت نہیں ہو رہے ہیں۔جنید خان کا 22 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل کیریئر دو ہزار پندرہ کے بعد سے آگے نہیں بڑھ سکا ہے جو سری لنکا کیخلاف کولمبو میں آخری بار کھیلے تھے جس کے بعد انہوں نے انجری مسائل کے سبب خود کومختصر فارمیٹس تک محدود رکھا ہے جبکہ حسن علی بھی ابھی تک اپنے کیریئر میں محض 9ٹیسٹ کھیل سکے ہیں جنہوں نے رواں سال جنوبی افریقہ کیخلاف جوہانسبرگ ٹیسٹ میں تین وکٹوں کیلئے 158رنز دے ڈالے تھے ۔پاکستان کو اگرچہ فاسٹ بالنگ کے شعبے میں شاہین آفریدی ،محمد حسنین،عثمان شنواری،محمد عباس اور فہیم اشرف کی خدمات حاصل ہیں لیکن ان میں سے سوائے محمد عباس کے کوئی بھی ٹیسٹ کرکٹ کا اسپیشلسٹ بالر نہیں اور اگر آنے والے عرصے میں حسن علی کے علاوہ جنید خان نے بھی طویل فارمیٹ سے ناطہ توڑ لیا تو پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ میچوں میں اپنا آپ منوانے کیلئے سخت جدوجہد کرنا ہوگی۔

The post عامر کے بعد کون کون ٹیسٹ کرکٹ چھوڑ رہا ہے؟ appeared first on Global Current News.



from Global Current News https://ift.tt/2ODzsY7
via IFTTT

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔