اسلام آباد(جی سی این رپورٹ): اپوزیشن جماعتوں نے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے دراندازی پر حکومت سے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی زیرصدارت قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے موجودہ صورتحال پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے اس کی تائید کی۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہم حالات جنگ میں آچکے ہیں، اب پارلیمنٹ کو فیصلے کرنے چاہئیں، ایسی کوئی بات نہ کی جائے جس سے اختلاف نظر آئے، ہمیں دنیا اور بھارت کو اپنا اتحاد دکھانا ہے۔خواجہ آصف نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج شام کو ہی مشترکہ اجلاس بلائیں، یہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے تاکہ ایک آواز جائے، ہمارے جوانوں اور افواج کو پتا چلے کہ قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ ‘اس وقت سیاست نہ کریں، یہ اتحاد اور قومی یکجہتی کا وقت ہے’۔بھارتی دراندازی کی کوشش پر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے بھرپور ردعمل کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بھارتی دراندازی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ اگر بھارت جنگ شروع کی تو نئی دہلی پر پاکستان کا پرچم لہرائے گا، بھارتی قیادت ہوش کے ناخن لے اور جنوبی ایشیا کے امن کو اپنے ہاتھوں سے آگ میں نہ دھکیلے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف مودی غریبوں کے پاؤں دھو رہے ہیں، دوسری طرف بے گناہ نہتے کشمیریوں کا خون بہارہے ہیں، نریندر مودی جنوبی ایشیا کے بے گناہ انسانوں اورغریبوں کو جنگ کی بھٹی میں نہ دھکیلیں۔پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والی سینیٹر شیریں رحمان کا کہنا ہے کہ بھارت نے جو طبل جنگ بجایا ہے پاکستان کی مسلح افواج اس کے لیے بالکل تیار ہیں اور بھارت کی جارحیت کا بھرپور اور فوری طور پر جواب دیں گے۔شیریں رحمان نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ موجودہ صورتحال میں پارلیمان کا فوری طور پر مشترکہ اجلاس بلائے، دنیا کو پیغام دیا جائے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے، اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان اس کے لیے بالکل تیار ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر نے بھارتی طیاروں کی ایل اوسی کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ عالمی برادری بھارت کا جنگی جنون دیکھ لے، بزدل بھارت رات کی تاریکی میں چھپ کر وار کرنے کی کوشش کرتا ہے، ہم تیار ہیں، جس طرح پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کو بھگایا وہ قابل داد ہے۔راجا فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیری عوام ذرا برابر خوفزدہ نہیں ہیں، 45 لاکھ کشمیریوں کی لاشوں پر سے گزر کر ہی کوئی پاکستان تک پہنچےگا، آزاد کشمیر کے عوام بھارت کا جنگی جنون کئی مرتبہ دیکھ چکے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے جنگی جنون کو ہوا دے رہا ہے، کشمیریوں نے بھی ٹھان لی ہے وہ بھارتی فوج کو سرینگر سے بھگا کردم لیں گے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے موجودہ صورتحال پر پارلیمانی پارٹی کا فوری ہنگامی اجلاس طلب کرلیا جس کی صدارت شاہد خاقان عباسی کریں گے اور اجلاس میں بھارتی جارحیت کے حوالے سے امور پر مشاورت ہوگی۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی افواج دنیا کی بہترین فوج ہیں، اگر بھارت نے جارحیت کی تو پاک فوج اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام ملک کا دفاع کرنا جانتی ہے، ہم پرامن ملک ہیں اور خطے میں امن چاہتے ہیں، ہماری امن پسندی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔
from Global Current News https://ift.tt/2BTgEeF
via IFTTT
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔