ابو ظہبی (جی سی این رپورٹ)متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آخری میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 43 رنز سے شکست دے دی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اس فتح کے ساتھ ہی پوائنٹس ٹیبل پر ایک مرتبہ پھر پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ابوظہبی کے میدان میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔پی ایس ایل 2019 میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے شین واٹس اس میچ میں اپنا بلا نہ چلاسکے اور 15 رنز بنانے کے بعد تیسرے اوور میں سمت پٹیل کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس میچ میں گلیڈی ایٹرز کے دوسرے اوپننگ بلے باز احمد شہزاد کا جادو چلا اور انہوں نے 46 گیندوں پر ایک چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے 73 رنز اسکور کیے۔احمد شہزاد نے پہلے اعظم خان اور پھر ریلی روسو کے ساتھ شراکت قائم کرکے ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔اعظم خان کے ساتھ 38 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی جو 62 کے مجموعے پر اختتام پزیر ہوئی جس کے بعد 23 رنز بنانے والے ریلی روسو کے ساتھ 46 رنز کی اہم پارٹنرشپ قائم ہوئی جس کا خاتمہ ریلی روسو کے آؤٹ ہونے کے بعد 108 رنز پر ہوا۔اس کے بعد احمد شہزاد نے عمر اکمل کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا 44 رنز کی شراکت بناتے ہوئے اسکور 152 رنز پر پہنچایا۔یہاں عمر اکمل 27 رنز بنانے کے بعد عماد بٹ کی گیند پر بولڈ ہوگئے، جس کے بعد گلیڈی ایٹرز کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔صرف 10 رنز کے اضافے کے بعد احمد شہزاد آؤٹ ہوئے تو صرف 3 رنز کے فرق سے سرفراز احمد، ڈیوین براوو، سہیل تنویر اور فواد احمد بھی پویلین لوٹ گئے۔آخری اوور میں محمد نواز نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر ٹیم کے اسکور کو 9 وکٹوں کے نقصان پر 180 تک پہنچادیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف 4 اور عماد بٹ نے 3 جبکہ ظفر گوہر اور سمت پٹیل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں لیوک رونکی اور کیمرون ڈیلپورٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو بہترین آغاز فراہم کیا۔دونوں اوپننگ بلے بازوں نے 62 رنز کا آغاز فراہم کیا جہاں کیمرون ڈیلپورٹ فواد احمد کی گیند پر اسٹمپ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد اسلام آباد یونائیٹڈ کی بیٹنگ لڑکھڑا گئی اور تین رن کے فرق سے پہلے فلپ سالٹ اسی اوور میں فواد احمد کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ ان کے بعد اگلے ہی اوور میں محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوکر آصف علی بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔لیوک رونکی نے سمت پٹیل کے ہمراہ ٹیم کو سہارا دیا لیکن وہ جیت کے لیے کافی ثابت نہیں ہوسکا۔دونوں نے مل کر ٹیم کے اسکور میں 44 رنز کا اضافہ کیا لیکن گیندوں اور رنز میں واضح فرق کے دباؤ میں آکر لیوک رونکی 64 رنز بنانے کے بعد کیچ آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کا سامنا نہیں کر سکتا اور اسلام آباد یونائیٹڈ مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 137 رنز ہی بناسکی۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے فواد احمد 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، تاہم سہیل تنویر اور محمد حسنین نے 2،2 جبکہ محمد نواز اور ڈیوین براوو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔اس فتح کے ساتھ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی لیکن دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیے شکست کے بعد پلے آف مرحلے میں پہنچنا مشکل ہوگیا۔اسلام آباد یونائیٹڈ کا اگلہ اور گروپ اسٹیج کا آخر میچ لاہور قلندرز کے خلاف کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 9 مارچ کو کھیلا جائے گا۔اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے قومی ٹیم کے سابق کپتان معین خان کے بیٹے اعظم خان پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ کھیلا۔دونوں ٹیموں کے درمیان گروپ اسٹیج کے دوران ہونے والے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 7 وکٹوں سے باآسانی فتح سمیٹی تھی۔
from Global Current News https://ift.tt/2ITk8nm
via IFTTT
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔