لاہور(جی سی این رپورٹ)تحریک انصاف کےدور حکومت میں تیسرا آئی جی پنجاب پولیس تبدیل کرنا پڑا،اس کی ضرورت کیوں پیش آئی اوراس کے پیچھے کیا وجوہات تھیں؟ روزنامہ دنیا کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے حمزہ شہبازشریف کی گرفتاری کے معاملے پر آئی جی پنجاب اور گجر پولیس افسروں کے مبینہ طورپرن لیگ کے ساتھ رابطوں ،حکومتی منصوبہ بندی ، خفیہ پلان اور معلومات سے لیگی رہنماؤں کوقبل ازوقت آگاہ کرنا اور نیب کے ساتھ تعاون نہ کرنا تبادلے کی بڑی وجہ بنی۔ تاہم جرائم کی شرح میں اضافہ ، ممبران اسمبلی کے شدید تحفظات ، پولیس اصلاحات کو جان بوجھ کر لٹکانا ،کرپشن ، بدانتظامی اور نااہل افسران کی اہم عہدوں پر تعیناتیاں بھی تبادلے کی وجوہات بتائی جارہی ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار اور گورنر پنجاب کے مابین اختلافات کے باعث گورنر پنجاب اپنے من پسندافسروں کو اہم عہدوں پر تعینات کرناچاہتے تھے ۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے احکامات پر عملدرآمد کے بجائے امجد جاوید سلیمی کسی اور کی پالیسی پر عمل پیرا تھے، یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں حکومتی عہدیداروں خصوصاً وزیراعظم آفس کو غلط حقائق سے آگاہ کرنا اور اپنے گروپ کے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی رائے طاہر کو بچانے کیلئے من گھڑت رپورٹ دینے کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق امجد جاوید سلیمی کوآئی جی تعینات کرانے میں گورنر چودھری محمد سرورکا ہاتھ تھا جس کے بعد چودھری سرور کے کہنے پر متعدد ڈی ایس پیز کے تبادلے بھی کئے جاتے رہے اور کئی اہم عہدوں پر تعیناتیاں بھی انہیں کے کہنے پر ہوئیں ، لیکن یہ معاملہ یہاں تک نہیں رکا، گورنر پنجاب کی حد سے زیادہ مداخلت پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے بھی شدید اختلافات سامنے آئے لیکن مختلف اداروں کی رپورٹس بتاتی ہیں کہ اس حوالے سے وزیراعظم کو مکمل حقائق سے آگاہ کیاجاتا رہا ۔ ایک گروپ جس میں بتایا جاتا ہے کہ پولیس افسران شفیق گجر، بشیر احمد ناصر، فاروق مظہر ، زعیم اور عظیم ارشد گجر سمیت دیگر شامل تھے۔ عظیم ارشد گجر ، زعیم اورشفیق گجر کی لابی ہی ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب فضیل اصغر کو لیکر آئی تھی اور ان کی تعیناتی کے بعد معاملات مزید خراب ہونے لگے، یہاں تک کہ فضیل اصغر پر جہاں آئی جی پنجاب کے ساتھ ملکر حمزہ شہبازشریف کے معاملہ میں اپنے فرائض کے مبینہ طورپر غلط استعمال کرنے کا الزام ہے وہاں آئی جی پنجاب سمیت دیگر افسر بھی انکے دست راست تھے۔ ذرائع یہ بھی بتاتے ہیں کہ کچھ عرصہ قبل ڈی ایس پیز سے متعلق یہ بھی رپورٹس اعلیٰ حکومتی عہدیدار کو پہنچی تھی کہ کچھ تبادلوں سے تقریبا 14کروڑ روپے سے زائد اکٹھے کئے گئے ہیں جس پر آئی جی پنجاب نے معاملات کو دباتے ہوئے اپنے ہی گروپ کے کچھ افسروں کو سائیڈ لائن کر دیا اور کچھ کو پنجاب سے سرنڈر کرتے ہوئے وفاق میں واپس بھجوادیا ۔ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ کچھ تبادلوں کے معاملات پر عظیم ارشد اور آئی جی پنجاب کے درمیان لڑائی بھی ہوئی تھی جس پر بشیر احمد گجر نے صلح کرائی تھی۔ آئی بی میں تعینات ایک اعلیٰ افسر کے بھی ان سے مکمل تعاون کا بتایاجاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق حمزہ شہبازشریف کی گرفتاری کے معاملہ میں سابق آئی جی پنجا ب امجد جاوید سلیمی،سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ فضیل اصغر ، انٹیلی جنس بیوروکے ایک افسر اور شفیق گجر سمیت 7افسر مسلم لیگ ن کے اہم عہدیداروں سے مسلسل رابطے میں تھے، ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ بعض ایسے افسران جو کہ اہم عہدوں پر تعینات تھے وہ کئی اندرونی معاملات اور کہانیاں جو کہ حکومت میں چل رہی تھیں ان سے حمزہ شہبازشریف سمیت دیگر اہم عہدیداروں کو آگاہ کرتے تھے، جس سے متعلق اہم رپورٹ اعلی ٰحکومتی عہدیداروں کو بھی بھجوائی گئی ہے، اسی طرح ذرائع یہ بھی دعویٰ کرتے ہیں کہ امجد جاوید سلیمی سے متعلق 10اپریل کو ہی فیصلہ ہو چکا تھا جس کے بعد امجد جاوید سلیمی کی جانب سے گورنر پنجاب سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش بھی کی گئی لیکن چودھری سرور اس وقت امریکہ میں ہیں تو شاید ان سے رابطہ نہ ہو سکا۔اس حوالے سے بعض حکومتی وزراءنے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پربتایا ہے کہ عمران خان صاحب کو یہ نظر آرہا تھا کہ اس طرح کے حالات پیدا ہو رہے ہیں شاید پنجاب پی ٹی آئی کے ہاتھ سے نکل رہا ہے اور اب مزید تبادلے بھی متوقع ہیں۔ آئی جی پنجاب عارف نواز کی تبدیلی کے بعد پنجاب کے تمام بڑے ریجنز کے آر پی اوز، سی سی پی اوز، ڈی پی اوز ، ڈی آئی جیز ، ایس ایس پیز اور ایس پیز کو تبدیل کئے جانے کا امکان ہے، سی سی پی او لاہور بشیر احمد ناصر، ڈی آئی جی آپریشن لاہور وقاص نذیر ،چار آر پی اوز اور متعدد ایس پیز کو تبدیل کرنے سے متعلق فہرست تیار کر لی گئی ہے، سی سی پی او لاہور کے لئے ایڈیشنل آئی جی رینک کے تین افسران کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے ہیں، اسی طرح ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کو ممکنہ طورپر آر پی او سرگودھا یا آر پی او ڈی جی خان تعینات کیا جاسکتا ہے جبکہ خرم علی شاہ کا نام ڈی آئی جی آپریشنز کے لئے زیر غور ہے، ایسے ایس پیز جن سے متعلق ایم پی ایز اور ایم این ایز نے شکایات وزیراعلیٰ آفس میں درج کرارکھی ہیں یا ان سے متعلق مختلف اداروں کی جانب سے رپورٹس اعلی ٰحکام کو بھجوائی گئی ہیں کہ وہ حکومت کے وژ ن کے مطابق کام نہیں کر رہے ہیں اور ان کی ناقص حکمت عملی کے باعث جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے، ایسےا فسران کو یا تو پنجاب سے سرنڈر کر دیا جائے گا یا پھر انہیں پنجاب میں کھڈے لائن لگادیا جائے گا۔
The post آئی جی پنجاب کی تبدیلی کی اصل وجہ کیا بنی ؟ appeared first on Global Current News.
from Global Current News http://bit.ly/2GhcM8p
via IFTTT
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔