اسلام آباد(جی سی این رپورٹ)اسپین کی قومی ٹیم اور مشہور کلب ایف سی بارسلونا کے لیجنڈری فٹ بالر کارلوس پیول پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کے لیے 16 مارچ کو کراچی پہنچیں گے اور ورلڈ سوکر اسٹارز 2019 کے ٹکٹوں کی فروخت کا افتتاح کریں گے۔منتظمین کی جانب سے جاری اعلامیے میں کارلوس پیول کا حوالہ دیا گیا ہے جس کے مطابق انہوں نے کہا ہے کہ ‘کراچی، میں آپ سب کو دیکھنے کے لیے پرعزم ہوں اور میں پاکستان میں اپنے مداحوں سے ملنے کے لیے واقعی پرجوش ہوں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ورلڈ سوکر اسٹارز، فٹ بال کی آمد کا جشن منانے کا شاندار موقع فراہم کر رہے ہیں اور میری معلومات کے مطابق فٹ بال پاکستان میں ابھرتا ہوا دوسرا کھیل ہے’۔خیال رہے کہ ٹچ اسکائی گروپ کے ایک منصوبے کے تحت پاکستان میں ورلڈ سوکر اسٹارز 2019 کے دو میچ ہوں گے جو 27 اپریل کو کراچی اور 28 اپریل کو لاہور میں کھیلے جائیں گے، جس میں دنیا کے چند بڑے نام شریک ہوں گے۔پاکستان میں ان میچوں کے دوران امریکا کے مشہور سینیگالی گلوکار ایکون کا کنسرٹ بھی ہوگا۔ٹچ اسکائی گروپ کے سی ای او احمر کنور کا کہنا تھا کہ ‘ایف سی بارسلونا کے عظیم دفاعی کھلاڑی پاکستان آئیں گے جو ایک عزت کی بات ہے اور ہمیں فخر ہے کہ وہ عہدیدار کے طور پر ورلڈ سوکر اسٹارز ٹور کا افتتاح کریں گے’۔
کارلوس پیول کراچی میں ڈولمن مال میں اپنے مداحوں سے ملیں گے جہاں وہ متوقع طور پر وی آر ہیڈسیٹس کے خصوصی ایڈیشن کا بھی افتتاح کریں گے، جس میں ان کے دستخط بھی ہوں گے۔خیال رہے کہ کارلوس پیول فٹ بال سے عملی طور پر ریٹائر ہوچکے ہیں جبکہ وہ اپنے پورے کریئر میں بارسلونا سے جڑے رہے اور انہیں اپنے دور میں دنیا کے بہترین دفاعی کھلاڑیوں میں سے ایک مانا جاتا تھا۔کارلوس پیول کو ساتھی کھلاڑی ان کے شاندار کھیل اور عزم کے باعث ‘چٹان’ کہتے تھے اور انہوں نے بارسلونا کے علاوہ اسپین کی قومی ٹیم کی نمائندگی بھی کی۔وہ 2010 میں فٹ بال ورلڈ کپ جیتنے والی ہسپانوی ٹیم کا بھی حصہ تھے جبکہ 2004 سے 2014 میں ریٹائرمنٹ تک بارسلونا کے کپتان رہے اور کلب کی جانب سے 593 میچ کھیلے۔بارسلونا نے کارلوس پیول کی قیادت میں 6 لالیگا، 3 چمپیئنز ٹرافی سمیت 20 بڑے ٹائٹل جیت لیے تھے۔یاد رہے کہ ٹچ اسکائی گروپ اس سے قبل برازیل کے ریکارڈو کاکا ارو پرتگال کے لوئس فیگوس اور فرانس کے نیکولس اینلکا کو بھی پاکستان لایا تھا، جنہوں نے پاکستانی شائقین سے ملاقاتیں کی تھیں۔اسپین کے مشہور فٹ بال کلب ریال میڈرڈ اور انگلش کلب چیلسی کے سابق فرانسیسی اسٹار کھلاڑی نیکولس انیلکا 5 مارچ کو اسلام آباد آئے تھے جہاں انہوں نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صدر سید اشفاق شاہ سےملاقات کی تھی اور پاکستان میں فٹ بال کی بہتری کے حوالے سے 20 نکاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا تھا۔اسلام آباد میں پی ایف ایف کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں فیڈریشن سے بات کرنی ہے تاہم اگر وہ ہمیں دوبارہ پاکستان آنے کے لیے کہیں گے تو ہم ضرور یہاں آئیں گے، ہم بغیر کسی رکاوٹ کے بار بار یہاں آتے رہیں گے۔اس سے قبل رواں سال جنوری میں سابق عظیم فٹ بالر لوئس فیگو اور ریکارڈو کاکا بھی پاکستان آئے تھے اور کراچی میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا تھا۔دونوں کھلاڑیوں نے شاندار استقبال پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا اور تقریب کے دوران کرکٹ کھیلنے کے ساتھ ساتھ بچوں کو آٹو گراف دیے اور ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائی تھیں۔
from Global Current News https://ift.tt/2Tz1ZQp
via IFTTT
0 comments:
آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں
اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔