جمعہ، 1 مارچ، 2019

جمعہ کے روز درود پاک پڑھنے کی فضیلت (فوکس نیوز )

0 comments

رافیعہ گلزار سروری قادری
ویسے تو ہفتے کے ساتوں دن اور سال کے تین سو پینسٹھ دن ہر روز آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام پر درود و سلام پڑھنا افضل ہے لیکن جمعتہ المبارک کے دن درود و سلام پڑھنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اسی سلسلے میں حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی چند احادیث پیش کی جا رہی ہیں:
* جمعہ کی چمکتی دمکتی رات ( یعنی شبِ جمعہ) اور جمعہ کے روشن دن میں مجھ پر کثرت سے درود پڑھو کیونکہ تمہارا درود پاک مجھ پر پیش کیا جاتا ہے۔ (براہِ راست حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی خدمت میں پیش کیا جاتا ہے)۔ (جامع الصغیر)
* جمعہ کے روز مجھ پر درود کی کثرت کروکیونکہ یہ یومِ مشہود ہے۔ اس روز فرشتے حاضر ہوتے ہیں اور بے شک تم میں سے کوئی جب درود پڑھتا ہے تو ا سکے درود پڑھنے سے فارغ ہونے سے پہلے ہی اس کا درود پاک میرے دربار میں پہنچ جاتا ہے۔ (جامع الصغیر)
* روزِ جمعہ اور شبِ جمعہ (یعنی جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب) مجھ پر درود کی کثرت کرو کیونکہ جو ایسا کرے گا میں قیامت کے روز اس کا شفیع اور گواہ ہونگا۔ ( جامع الصغیر)
* جب جمعرات کا دن آتا ہے اللہ پاک فرشتوں کو بھیجتا ہے جن کے پاس چاندی کے کاغذ اور سونے کے قلم ہوتے ہیں۔ وہ لکھتے ہیں کہ کون جمعرات اور جمعہ کی شب سرورِ کونین حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر کثرت سے درود پڑھتا ہے۔ (سعادت الدارین)
* جو شخص روزِ جمعہ سو (100 ) بار مجھ پر درود پاک پڑھے جب وہ قیامت کے روز آئے گا تو اس کے ساتھ ایک ایسا نور ہوگا کہ اگر وہ ساری مخلوق میں تقسیم کر دیا جائے تو سب کو کفایت کرے۔ (دلائل الخیرات)
* مجھ پر شبِ جمعہ اور روزِ جمعہ درود پاک کی کثرت کر لیا کرو کیونکہ باقی دنوں میں فرشتے تمہارا درود پاک پہنچاتے رہتے ہیں مگر جمعہ کے دن اور رات جو مجھ پر درود پڑھتے ہیں اس کو میں خود سنتا ہوں۔ (نزہتہ المجالس)
سیّدنا عبداللہ بن مسعودؓ نے حضرت زید بن وہب سے فرمایا ’’جب جمعہ کا دن آئے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر ہزار مرتبہ درود پاک پڑھنا ترک نہ کرو۔‘‘
حضرت امام جعفر صادقؓ فرماتے ہیں کہ جب جمعرات کا دن آتا ہے تو عصر کے وقت اللہ تعالیٰ آسمان سے فرشتے زمین پر اتارتا ہے۔ ان کے پاس چاندی کے ورق اور سونے کے قلم ہوتے ہیں جو جمعرات کے دن عصر کے وقت سے لے کر جمعہ کے دن غروبِ آفتاب تک زمین پر رہتے ہیں اوروہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درود پاک پڑھنے والوں کا درود پاک لکھتے ہیں۔
اسی طرح حضرت عمر بن عبدالعزیزؓ نے اپنی ریاست میں فرمان جاری کر دیا کہ جمعہ کے دن علم کی اشاعت کرو اور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درود پاک کی کثرت کرو۔ یہی وجہ تھی کہ درود پاک کی برکت سے آپؓ کا نظامِ حکومت اس وقت کے تمام نظامِ حکومت سے بہترین اور کامیاب تھا۔
عشق و محبتِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم میں کثرت سے درود و سلام پڑھنے والوں کا مقام و مرتبہ ناقابلِ بیان ہے۔ ایک مرتبہ حضرت ابوذرؓ مسجد نبویؐ میں آئے اس وقت حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے پاس حضرت جبرائیل ؑ آئے ہوئے تھے۔ حضرت جبرائیل ؑ نے حضرت ابو ذرغفاری رضی اللہ عنہٗ کو دیکھ کر فرمایا ’’یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم! ابوذرؓ آئے ہیں‘‘ اس پر آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے دریافت فرمایا ’’اے جبرائیل ؑ کیا تم ابو ذرؓ کو پہچانتے ہو؟‘‘ تو روح الامین ؑ نے فرمایا ’’یارسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم! ابوذرؓ آسمانوں میں زمین کی نسبت زیادہ مقبول ہیں۔ ان کے تین اعمال اللہ ربّ العزت کو بے حد پسند ہیں پہلا تواضع و انکساری، دوسرا سورۃ اخلاص کی کثرت سے تلاوت اور تیسرا آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ذاتِ اقدس پر بے حد درود و سلام پڑھنا۔‘‘
حضرت حذیفہؓ کا فرمان ہے ’’درود پاک پڑھنا درود پاک پڑھنے والے کو اور اس کی اولاد کو اور اولاد کی اولاد کو رنگ دیتا ہے۔‘‘ یعنی آقا پاک علیہ الصلوٰۃ والسلام پر کثرت سے درود پاک پڑھنے والے کو اور اس کی نسل کو اللہ بے حد نوازتا ہے۔
ایک مرتبہ ابو جہل اور چند کافرایک جگہ پر بیٹھے ہوئے تھے۔ ایک سائل نے آکر سوال کیا تو اس نے تمسخر کے طور پر کہا کہ تم حرم میں چلے جاؤ وہاں (حضرت) علیؓ بیٹھے ہیں وہ تم کو بہت سا مال دیں گے کیونکہ وہ بہت سخی ہیں۔ سائل یہ سن کر حضرت علیؓ کے پاس چلا گیا اور کہا’’مجھے کچھ مرحمت فرمائیں میں تنگدست ہوں۔‘‘ اس وقت بظاہر آپؓ کے پاس کچھ نہ تھا جو آپؓ اس سائل کو دیتے لیکن آپؓ اپنی باطنی فراست سے جان گئے تھے کہ کفار نے تمسخر کے لیے بھیجا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہٗ نے درود پاک پڑھ کر اس سائل کی ہتھیلی پر پھونک ماری اور فرمایا ’’ہتھیلی کو بند کرلے اور کافروں کے سامنے جا کر ہاتھ کھولنا‘‘۔ سائل نے ایسا ہی کیا۔ جب سائل نے کفار کے سامنے مٹھی کھولی تو وہ سونے کے دیناروں سے بھری ہوئی تھی۔یہ دیکھ کر کئی کافر مسلمان ہو گے۔ (فضائل درود و سلام)
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ میں ایک دن حضرت عثمان غنی رضی اللہ عنہٗ کی خدمت میں حاضر ہوا تو آپؓ کو بہت خوش پایا۔میں نے اس مسرت کی وجہ پوچھی تو آپؓ نے فرمایا ’’میں آج رات خواب میں رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی زیارت سے مشرف ہوا۔ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے مجھے ٹھنڈا پانی عطا فرمایا۔ میں نے سیراب ہو کر پیا جس کی سیرابی اور خنکی ابھی تک محسوس ہورہی ہے۔‘‘ میں نے عرض کی ’’یہ کرم کس وجہ سے ہوا‘‘ تو آپؓ نے فرمایا’’ درودشریف کی وجہ سے‘‘۔ (تحفۃ الصلوٰۃ)
درود پاک نہ پڑھنے پر وعید

جہاں درود پاک پڑھنے کے بے شمار فوائد و فضائل ہیں وہیں نہ پڑھنے پر سخت وعید بھی سنائی گئی ہے۔ حدیثِ مبارکہ ہے:
* جو شخص مجھ پر درود پاک پڑھنا بھول گیا وہ جنت کا راستہ بھول گیا۔ (القول البدیع) (ابنِ ماجہ)
* جس کے پاس میرا ذکر ہو ا اور اس نے مجھ پر درود پاک نہ پڑھا وہ دوزخ میں جائے گا۔ (القول البدیع)
* جو شخص رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درود و سلام نہیں پڑھتا وہ قیامت کے دن آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دیدار سے محروم رہے گا جیسا کہ حدیث شریف میں ہے ’’تین شخص میری زیارت سے محروم رہیں گے:اوّل والدین کا نافرمان، دوم میری سنت کا تارک اور سوم جس کے سامنے میرا ذکر ہو اور وہ درود پاک نہ پڑھے۔‘‘ (القول البدیع)
* حضرت ابو ہریرہؓ بیان فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’جب چند لوگ کسی مجلس میں جمع ہوتے ہیں پھر اللہ کا ذکر اور مجھ پر درود و سلام پڑھے بغیر ایک دوسرے سے جدا ہوتے ہیں تو ان کی یہ مجلس قیامت کے دن ان کے لیے باعثِ حسرت و ملال ہو گی۔‘‘ ( ابنِ حبان)
* حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’جس مجلس میں لوگ نہ اللہ کا ذکر کریں اور نہ ہی درودو سلام پڑھیں وہ مجلس قیامت کے دن ان لوگوں کے لیے باعثِ حسرت ہو گی خواہ وہ نیک اعمال کے بدلے جنت میں ہی کیوں نہ چلے جائیں۔‘‘ (احمد،ابنِ حبان، حاکم)
* ہر نیک اور اہم کام جو اللہ کی حمدو ثناء اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درودو سلام بھیجے بغیر شروع کیا جائے وہ ہر طرح کی برکت سے خالی ہو جاتا ہے جیسا کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’ہر بامقصد کام جو بغیر ذکرو درود شروع کیا جائے وہ بے برکت اور خیر سے منقطع ہے۔‘‘ (مطالع المسرات بجلا دلائل الخیرات)
* حضرت انسؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا کہ جب تک مجھ پر درود شریف نہ پڑھا جائے کوئی دعا قبول نہیں ہوتی۔ (رواہ الدیلمی)
* حضرت عمرؓ بن خطا ب فرماتے ہیں کہ جب تک رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم پر درود شریف نہ پڑھا جائے آدمی کی دعا آسمان و زمین کے درمیان لٹکتی رہتی ہے۔ (ترمذی)
* رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے درود و سلام نہ پڑھنے والے کو بخیل قرار دیا۔ حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ درود شریف نہ پڑھے وہ بخیل ہے۔‘‘(مشکوٰۃ۔ ترمذی)
* حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم نے فرمایا ’’رسوا ہو وہ شخص جس کے سامنے میرا نام لیا جائے اور وہ درود شریف نہ پڑھے۔‘‘ (ترمذی)
اللہ ربّ العزت سے دعا ہے کہ ہمیں آقائے دو جہان سرورِ کائنات حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام پر خلوصِ نیت سے درود و سلام پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم آپ صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کے دیدا رسے مشرف ہو سکیں۔ (آمین



from Global Current News https://ift.tt/2UluIo4
via IFTTT

0 comments:

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ کے کمپوٹر میں اردو کی بورڈ انسٹال نہیں ہے تو اردو میں تبصرہ کرنے کے لیے ذیل کے اردو ایڈیٹر میں تبصرہ لکھ کر اسے تبصروں کے خانے میں کاپی پیسٹ کرکے شائع کردیں۔